بی جے پی کی کامیابی میں بی آر ایس کا اہم
شمس آباد ۔ 4 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی امیدوار کونڈا ویشویشور ریڈی نے کانگریس امیدوار ڈاکٹر رنجیت ریڈی کو 1,67,778 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے شکست دی ۔ کونڈا ویشویشور ریڈی نے اپنی کامیابی پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی بی جے پی کو شکست دینے کے لیے اقلیتوں کے ذہنوں میں نفرت پیدا کررہی تھی ۔ انہوں نے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائدین کی محنت کی وجہ اور مودی کی اسکیمات کی وجہ سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ چیوڑلہ کو آئندہ پانچ سالوں میں ترقی یافتہ حلقہ بنانے کا انہوں نے تیقن دیا ۔ ڈاکٹر رنجیت ریڈی کانگریس امیدوار نے ووٹوں کی گنتی کے دوران ہی اپنی شکست قبول کرلی اور کونڈا ویشویشور ریڈی کو مبارکباد پیش کی ۔ بی جے پی کی کامیابی میں بی آر ایس قائدین نے اہم رول ادا کیا ۔ بی آر ایس اپنا ووٹ بی جے پی کے حق میں استعمال کیا اور بی جے پی کی کامیابی اور کانگریس کی ناکامی پر کافی خوش دکھائی دے رہے تھے ۔ انہیں اپنی شکست کا کوئی غم نہیں ہے ۔ چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ میں بی آر ایس کے چار اور کانگریس کے تین ارکان اسمبلی ہونے کے باوجود کامیابی حاصل نہ کرسکے ۔ بی جے پی کا ایک بھی رکن اسمبلی نہ ہونے کے باوجود بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ۔ بی جے پی امیدوار کونڈا ویشویشور ریڈی نے 809882 ووٹ حاصل کئے ۔ کانگریس امیدوار رنجیت ریڈی نے 636985 ووٹ حاصل کئے اور بی آر ایس امیدوار کاسانی گیانیشور نے محض 178968 ووٹ حاصل کئے ۔ بی جے پی امیدوار نے کانگریس کو 172897 ووٹوں سے شکست دیتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی ۔۔