۔ 20 ہزار رکنیت سازی مکمل، نریندر ریڈی اور ونئے ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔/23فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس کی رکنیت سازی مہم کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے آج چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ میں قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ سابق رکن اسمبلی اور انچارج چیوڑلہ وی نریندر ریڈی کے علاوہ انچارج شیر لنگم پلی کے ونئے ریڈی کے علاوہ مقامی قائدین جئے پال، رگھونندن ریڈی، الیاس شریف، سریش نائیک، ایم سرینواس، محمد جہانگیر، راجن اور دوسروں نے جائزہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے رکنیت سازی مہم میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹی کی جانب سے 31 مارچ تک 50 ہزار رکنیت سازی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ 20 ہزار رکنیت سازی مکمل ہوچکی ہے۔ وی نریندر ریڈی نے کارکنوں کی ستائش کی اور کہا کہ ہر پولنگ بوتھ کیلئے 100 ارکان کے نشانہ کے ساتھ رکنیت سازی مہم میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے استحکام میں رکنیت سازی کا اہم رول ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر رکن کیلئے 2 لاکھ روپئے انشورنس فراہم کیا جارہا ہے۔ نریندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام نے کے سی آر حکومت کو زوال سے دوچار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل سے ناراضگی پائی جاتی ہے۔ ریاست میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈہ کے ساتھ حکومت کام کرے گی۔ر