بائیک ریالی میں شرکت، حلقہ کی ترقی کے اقدامات کا عہد
حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کے کانگریس امیدوار کونڈا وشویشور ریڈی کا آج آریہ ویشیا بھون میں استقبال کیا گیا۔ صنعتی اداروں اور تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے اجلاس میں شرکت کی اور وشویشور ریڈی کی تائید کا یقین دلایا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ تانڈور کے مسائل کے حل کیلئے انہوں نے پارلیمنٹ میں کئی بار آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں حلقہ کی ترقی کیلئے انہوں نے مرکز سے کئی منظوریاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ سے زیادہ مرکز میں کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی اہمیت ہے اور وہ بہتر طور پر نمائندگی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر قومی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کی اہمیت زیادہ ہوتی ہے۔ کونڈا وشویشور ریڈی نے ٹی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت کی وجوہات بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ چیوڑلہ سے کامیابی کی صورت میں وہ برسراقتدار پارٹی کے ایم پی شمار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے سبب تاجر برادری کو کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ واجپائی کے دور کی بی جے پی اور آج کی بی جے پی میں کافی فرق ہے۔ وشویشور ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر تلنگانہ میں اپوزیشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں راہول گاندھی کی زیر قیادت کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔ اسی دوران وشویشور ریڈی نے نواب پیٹ سے شنکر پلی تک بائیک ریالی میں شرکت کی۔ جگہ جگہ عوام کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ وشویشور ریڈی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد مسائل کے حل میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔ وشویشور ریڈی چیوڑلہ میں گزشتہ پانچ برسوں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ میعاد کے اپنے کارناموں پر مشتمل تفصیلات عوام کیلئے جاری کی ہیں۔ وشویشور ریڈی کی انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوگئی اور کمزور طبقات اور اقلیتوں کی جانب سے ان کی مکمل تائید کا اعلان کیا گیا ہے۔