چیوڑلہ کے ٹی آر ا یس قائدین کی کانگریس میں شمولیت

   

ریونت ریڈی سے ملاقات، پارٹی کے استحکام کا تیقن

حیدرآباد۔29۔ جنوری (سیاست نیوز) چیوڑلہ سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس قائدین نے آج ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ چیوڑلہ کے شاہ آباد منڈل سے تعلق رکھنے والے تقریباً 50 ٹی آر ایس قائدین نے پارٹی سے استعفیٰ کا اعلان کیا اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات کی ۔ مقامی کانگریس قائدین مدھو سدن ریڈی اور بھرت کی قیادت میں ٹی آر ایس قائدین ریونت ریڈی کی قیامگاہ پہنچے ۔ ریونت ریڈی نے کانگریس کا کھنڈوا پہناکر پارٹی میں شامل کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو پارٹی میں مناسب مقام دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رنگا ریڈی اور وقار آباد اضلاع میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے اور عوام آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی عوام دشمن پالیسیوں کے نتیجہ میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی قیادت میں تلنگانہ میں عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے والی حکومت تشکیل پائے گی۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ پارٹی کی رکنیت سازی پر توجہ مرکوز کریں۔ رکنیت سازی مہم کی مدت میں 31 جنوری تک توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست میں 30 لاکھ سے زائد رکنیت سازی کا نشانہ مکمل کرلیا جائے گا ۔ ر