ماسکو۔24 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) چیچنیا میں یورپ کی سب سے بڑی مسجدکا افتتاح 23 اگسٹ کو رئیس رابطہ عالم اسلامی الشیخ محمد العیسی کے خطبہ اور عالم اسلام کے مشہور مذہبی اسکالر حبیب عمر بن محمد بن حفیظ کی امامت سے عمل میں آیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ میں گروزنی کے قریب واقع 9 ہزار700 اسکوئر میٹر کے رقبے پر محیط اس مسجد کو ایک ازبک ماہر تعمیرات نے ڈیزائن کیا ہے جس میں 30ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے جبکہ مسجد کے اطراف میں مزید 70ہزار نمازی نماز ادا کرسکتے ہیں۔سفید ماربل سے بنی اس خوبصورت مسجد کا نام حضرت محمدﷺ کے اسم مبارک پر رکھا گیا ہے ۔چیچن رہنما رمضان قادروف نے مسجد کے فن تعمیر کی تعریف کی ہے جبکہ روسی صدر ولادمیر پوٹن نے بھی مسجد کو علاقے اور چیچنیا کے لیے اہم قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ مسجد کو یورپ کی سب سے بڑی اور خوبصورت مسجد قرار دیا جارہا ہے۔مسجد کی افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں مقامی اور غیرملکی حکام نے شرکت کی۔خیال رہے کہ یہ مسجد چیچنیا میں شہالی کے علاقے میں قائم کی گئی ہے، جو دارالحکومت گرونزے کے باہر 54ہزار لوگوں پر مشتمل علاقہ ہے۔مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مسجد کے صحن میں پھولوں اور فاؤنٹینز کو لگایا گیا ہے اور اس جگہ پر اضافی 70 ہزار نمازی آسکتے ہیں۔