چیک باونس کا معاملہ ٹالی ووڈ اداکار موہن بابو کو ایک سال کی سزا

   

حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) ٹالی ووڈ کے مشہور اداکار موہن بابو کو چیک باؤنس کیس میں حیدرآباد کے میٹرو پولیٹن سیشن جج نے ایک سال کی سزا سناتے ہوئے معاوضہ بھی ادا کرنے کی ہدایت دی۔ موہن بابو کے سری لکشمی پرسنا پکچرس کے خلاف 2010 ء میں فلمساز وائی وی ایس چودھری نے چیک باؤنس کا ایک مقدمہ دائر کیا تھا۔ 2009 ء میں ’سلیم‘ نامی فلم ریلیز ہوئی تھی جس میں منچو وشنو اور ایلینا ڈیکروز نے اہم رول ادا کیا تھا۔ موہن بابو نے فلمساز چودھری کو ایک کروڑ 60 لاکھ روپئے کی رقم ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایک کروڑ 10 لاکھ ہی ادا کئے تھے اور 40 لاکھ 50 ہزار روپئے کا چیک دیا تھا۔ فلمساز کو اپنے بینک کھاتے میں چیک جمع کروانے پر موہن بابو کے اکاؤنٹ میں رقم کی عدم موجودگی سے چیک باؤنس کی اطلاع ملی۔ جس پر فلمساز کے وکیل کے ستیہ سائی بابا نے میٹرو پولیٹن سیشن جج کے اجلاس پر بحث کی اور اپنا استدلال پیش کرتے ہوئے موہن بابو پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا تھا۔ چیک باؤنس ہونے کے شواہد دستیاب ہونے کے نتیجہ میں عدالت نے موہن بابو کو قصوروار پایا اور موہن بابو کو ایک سال کی سزا سناتے ہوئے 41.75 لاکھ معاوضہ ادا کرنے کے احکامات جاری کئے۔ موہن بابو نے اِن احکام کی معطلی کے لئے اعلیٰ عدالت سے رجوع ہونے کا ارادہ ظاہر کیا۔