پراگ ۔7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیک جمہوریہ میں مسلمانوں کو اسلام کی تبلیغ پر قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق حالیہ کچھ برس سے یورپ میں آباد مسلمانوں کی مساجد پر ہونے والے حملوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اب یورپی ملک چیک جمہوریہ کے دوسرے سب سے بڑے شہر کی ایک مسجد کو ’اسلام مخالف نعروں‘ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کی طرف سے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب مسجد کی دیواروں پر لکھا گیا، ’’چیک جمہوریہ میں اسلام نہ پھیلاؤ ورنہ ہم تم کو قتل کر دیں گے۔‘‘۔پولیس کے ترجمان بوہمل ملاسک نے بین الاقوامی خبر رساں ادارہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ املاک کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، اگر ملزم پکڑے گئے تو انھیں ایک برس قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔