پراگ 2 ستمبر (یو این آئی) چیک نیوز ایجنسی کے مطابق پیر کو ایک انتخابی ریلی کے دوران چیک جمہوریہ کے سابق وزیر اعظم آندریج بابیس پر ایک شخص نے سر پر حملہ کر دیا، خبر کے مطابق یہ حملہ مشرقی شہر ڈوبرا میں ہوا ہے ۔ایجنسی نے بابیس کی پارٹی اے این او کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ بابیس 2017 سے 2021 تک چیک جمہوریہ کے وزیر اعظم رہے ، حادثے کے بعد بابیس جانچ کیلئے اسپتال گئے ، فی الحال مزید تفصیلات کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ چیک پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وہاں موجود افسران نے حملے کے فوراً بعد اس شخص کو حراست میں لے لیا اور معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔ اے این او کے پہلے نائب صدر کیرل ہیولیسیک نے ایکس پر لکھا کہ یہ واقعہ مبینہ طور پر سیاسی حریفوں کی جانب سے چلائی جانے والی نفرت انگیز مہم کا نتیجہ ہے ۔حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ وٹ راکوسان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تشدد کسی بھی شکل میں ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے ایکس پر کہا کہ میں آج آندریج بابیس پرہوئے حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ آئیے ہم جسمانی تشدد کے بجائے دلائل اور نظریات کے اختلافات کے سہارے اپنے ملک کے مستقبل کوبہتر بنانے کی کوشش کریں۔