چیگنٹہ منڈل میں ٹی آر ایس کی گھر گھر انتخابی مہم

   

میدک۔ صدرنشین بلدیہ میدک ٹی چندرا پال اور نائب صدرنشین بلدیہ اے ملیکارجن گوڑ کی قیادت میں میدک بلدیہ سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس کونسلرس حلقہ اسمبلی دوباک کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوارشریمتی سجاتا لنگاریڈی کی تائید میں گذشتہ ایک ہفتہ سے مہم چلارہے ہیں۔ اس دوران مذکورہ قائدین نے کارنر میٹنگس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا مطالبہ کیا۔ ساری بلدی ٹیم چیگنٹہ منڈل کے تمام گرام پنچایتوں میںگھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی پرزور اپیل کررہے ہیں۔ انتخابی تشہیر میں بلدی کونسلرس لکشمی نارائن، ایم مدھو سدن راؤ،درگا پرساد، آر کے سرینواس، کرشنا، شمس النساء عارف ( مجلس ) ، سمیع الدین کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین مسرز سید عمر محی الدین، غوث قریشی بھی صدر نشین کے ہمراہ تھے۔

نارائن پیٹ میں آج میلاد جلوس کی مشروط اجازت
نارائن پیٹ۔ نارائن پیٹ پولیس اسٹیشن میں ڈی ایس پی نارائن پیٹ مدھوسدن راؤ کی نگرانی میں مسلم قائدین کا ایک جائزہ و مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر مسلم قائدین نے میلاد جلوس کے حسب معمول پرامن طریقہ پر نکالنے کسی قسم کی نعرہ بازی اور ڈی جے کے بغیر جلوس کے انعقاد کا تیقن دیا۔ مدھو سدن راؤ نے کوویڈ19 کے پیش نظر محتاط طریقہ پر سماجی فاصلہ اور ماسک لگانے کی خواہش کی۔ مسلم قائدین نے بتایا کہ جلوس ٹھیک 9.30 بجے صبح جامع مسجد سے برآمد ہوگا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا درگاہ حضرت سید شاہ تقی بابا سبز پوش قادری ؒ پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس اجلاس میں تمام مسلم قائدین و مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر سری کانت ریڈی، سب انسپکٹر چندرا موہن راؤ موجود تھے۔