میدک/7 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک کے رکن پارلیمان ایم رگھونندن راؤ نے میدک کے وڈیا رم اور ماسائی پیٹ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان چیگنٹہ کے مقام پر لیول کراسنگ نمبر 228 کی جگہ روڈ اوور برج (RoB) اور لمیٹیڈ ہائیٹ سب وے (LHS) کے تعمیراتی منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر حیدرآباد ڈویژن کے ڈویژنل ریلوے مینیجر سنتوش کمار ورما اور دیگر سینئر ریلوے عہدیدار شریک رہے۔ رکن پارلیمان نے اس موقع پر کہا کہ چیگنٹہ عوام کا دیرینہ خواب اب پورا ہو رہا ہے۔اس پراجکٹ پر 48.77 کروڑ روپئے لاگت آئے گی جسے ریلوے مکمل طور پر برداشت کرے گا۔ رکن پارلیمان نے ریلوے عہدیداروں سے خواہش کی کہ اس پراجکٹ کو وقت مقررہ میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولت مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ سفر کرنے والے عوام کی سہولت کیلئے رائلسیما ایکسپریس اور دیوگری ایکسپریس کو چیگنٹہ اسٹیشن پر اسٹاپ فراہم کیا جائے اور یہاں دوسرا پلیٹ فارم بھی تعمیر کیا جائے۔ اسی طرح وڈیا رم ریلوے اسٹیشن پر ریزرویشن کاؤنٹر قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اس موقع پر ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے پبلک ریلیشن افسرس مسٹر راکیش اور شیلیندر کے علاؤہ دیگر موجود تھے۔
