ڈاؤس دوروں سے تلنگانہ کو 2.19 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری

   

44 یادداشت مفاہمت پر دستخطیں، 68 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع: سریدھر بابو
حیدرآباد ۔26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے اسمبلی میں اعلان کیا کہ ریاستی حکومت کو 2024 اور 2025 کے ڈاؤس دوروں کے دوران مجموعی طور پر 2.19 لاکھ کروڑ روپئے کی بڑی سرمایہ کاری حاصل ہوئی ہے۔ بی جے پی ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ مختلف کمپنیوں کے ساتھ جملہ 44 یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سرمایہ کاری منصوبوں کے مختلف مراحل میں ہونے کے نتیجہ میں تقریباً 68,150 بیروزگار نوجوانوں کو برائے راست روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ سال 2024 میں 18 یادداشت مفاہمت کے ذریعہ 40,232 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی جبکہ 2025 میں 26 یادداشت مفاہمت کے ذریعہ 1,78,950 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہوئی۔ اس طرح دو سال میں مجموعی طور پر 2,19,122 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ریاست میں آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاؤس دوروں کے نتیجہ میں 81,800 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے والی 6 کمپنیوں کو پہلے ہی اراضی الاٹ کی جاچکی ہے ۔ اس عمل سے حکومت کو 1,540 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ حکومت سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل میں مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔2