جنیوا ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے ڈاؤس روانہ ہو گئے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی زلفی بخاری، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور معید یوسف بھی ان کے ہمراہ ہیں،دورے کے دوران عمران خان امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کریں گے، سائیڈ لائنز پر دیگر عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیںبھی مقرر ہیں۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عمران خان مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر پاکستانی موقف بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔وزیراعظم عمران خان 23 جنوری تک ڈاؤس ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2019 کے بعد عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہوگی۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کی ڈاؤس ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر دیگر عالمی اداروں کے رہنماں، کارپوریٹ بزنس اور ٹیکنالوجی کے ایگزیکٹو سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین کی دعوت پر اجلاس میں شرکت اور فورم کے خصوصی سیشن سے خطاب کریں گے۔