حیدرآباد/26 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے ڈائرکٹر؍ سکریٹری کے عہدہ پر ڈپٹی سکریٹری کیڈر کے عہدیدار کا تقرر کریں۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے موجودہ ڈائرکٹر کے تقرر کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کردہ درخواست پر فیصلہ سنایا ہے۔ درخواست گذار نے کہا تھا کہ حکومت نے نان کیڈر عہدیدار کا تقرر کیا ہے اور وہ گزشتہ دو برسوں سے اردو اکیڈیمی کے قانون کے برخلاف برسر خدمت ہیں۔ محکمہ سماجی بھلائی اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی نمائندگی کرنے والے وکلاء سے جسٹس وجئے سین ریڈی نے موجودہ ڈائرکٹر محمد غوث کے کیڈر کے بارے میں سوال کیا جس پر دونوں وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ ڈائرکٹر نان کیڈر ہیں جبکہ از روئے قانون ڈپٹی سکریٹری رینک کے عہدیدار کا تقرر کیا جانا چاہیئے۔ فریقین کی سماعت کے بعد جسٹس وجئے سین ریڈی نے حکومت کو ہدایت دی کہ 27 ڈسمبر کو محمد غوث کی میعاد کی تکمیل کے بعد ڈپٹی سکریٹری رینک کے عہدیدار کا تقرر کریں اور اس کی اطلاع ہائی کورٹ کو دی جائے۔ر