ڈائرکٹر آئی آئی ٹی پروفیسر بی ایس مورتی نے اقامتی جونیئر کالج کا معائنہ کیا

   

طلبہ کی صلاحیتوں کی ستائش، ریسرچ سرگرمیوں سے جوڑنے کا مشورہ
حیدرآباد۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) پروفیسر بی ایس مورتی ڈائرکٹر آئی آئی ٹی حیدرآباد نے آج تلنگانہ اقلیتی اقامتی جونیئر کالج بارکس بوائز کا دورہ کیا اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ کے مطابق پروفیسر بی ایس مورتی سائنس اور دیگر شعبہ جات میں طلبہ کی دلچسپی سے متاثر ہوئے اور انہیں حالیہ نئی ریسرچ اور آئی آئی ٹی میں جاری دیگر سرگرمیوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ کے نتیجہ میں سماج اور صنعتوں پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کے پراجیکٹس اور لباریٹریز کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ خاص طور پر آئی آئی ٹی حیدرآباد میں موجود عصری سہولتوں سے واقف کرایا۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر بی ایس مورتی نے کہا کہ طلبہ کو ریسرچ سرگرمیوں سے ابتداء سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔ اگرچہ وہ ہر چیز کو سمجھ نہیں پاتے لیکن تال میل کے ذریعہ وہ تاحیات یادگاری لمحات اپنے اندر سمیٹ لیتے ہیں۔ انہوں نے آئی آئی ٹی سے رجوع ہونے والے طلبہ کے تجربات بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی سے رجوع ہونے والے طلبہ میں اس بات کا جذبہ پیدا کیا جاتا ہے کہ وہ بہتر آفر کے لے ادارے سے رجوع نہیں ہوئے بلکہ اچھے انجینئر کی حیثیت سے تیار ہونا ان کا بنیادی مقصد ہے۔ مقصد کی تکمیل کے لیے ان میں ویژن کی ضرورت ہے۔ پروفیسر مورتی نے آئی آئی ٹی حیدرآباد کے مختلف ڈپارٹمنٹس میں جاری ریسرچ سرگرمیوں آرٹیفیشیل انٹلیجنس روبوٹیکس اور نانو ٹیکنالوجی سے واقف کرایا۔ انہوں نے اقامتی جونیئر کالج کے طلبہ سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ طلبہ اپنے مقاصد کی تکمیل میں کامیاب ہوں گے۔ تلنگانہ اقامتی اسکول سوسائٹی اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی حیدرآباد کے درمیان یکم اکٹوبر کو یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے ہیں۔