حیدرآباد/28 اپریل ( سیاست نیوز) نو تعمیر شدہ ڈاکٹر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ کے 30اپریل کو افتتاح سے قبل ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے آج سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انجنی کمار نے اپنے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ سکریٹریٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس لاء اینڈ آرڈر سنجے کمار جین، پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند، تلنگانہ اسپیشل پولیس ( ٹی ایس ایس پی )کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سواتی لکرا، حیدرآباد سٹی کے ایڈیشنل کمشنر لاء اینڈ آرڈر وکرم جیت مان اور دیگر موجود تھے۔ اس دورہ میں انجنی کمار نے نوتعمیر شدہ سکریٹریٹ کے احاطہ کا معائنہ کرتے ہوئے سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور اس نئی عمارت کی سیکوریٹی کو یقینی بنانے سے متعلق تمام تفصیلات حاصل کیں۔نئے سکریٹریٹ جس کا افتتاح چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں کیا جارہا ہے، اس تقریب میں شرکت کرنے والے وی وی آئی پیز اور دیگر اہم شخصیتوں کی گاڑیوں کی پارکنگ وغیرہ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا ۔انہوں نے تلنگانہ سکریٹریٹ کے افتتاح کے پیش نظر عمارت کے اطراف واکناف سخت سیکوریٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ب