حیدرآباد ۔7۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل کونسل کے الیکشن کے مسئلہ پر ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر کے رمیش ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے ۔ جسٹس سی ایچ سوما لتا نے اسٹیٹ میڈیکل کونسل کے الیکشن کے لئے چیف الیکشن آفیسر کے طور پر رمیش ریڈی کے تقرر کو چیلنج کردہ درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ رمیش ریڈی الیکشن کے انعقاد کیلئے اہل نہیں ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ سابق میں رمیش ریڈی کے تقرر کو کالعدم کرچکا ہے ۔ محکمہ صحت میں کئی اہل سینئر عہدیدار موجود ہیں جنہیں الیکشن کے انعقاد کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے ۔ اس کے باوجود رمیش ریڈی کو ہی یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ ہائی کورٹ نے رمیش ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت 27 ستمبر کو مقرر کی ہے ۔