ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کورونا ٹیکہ لیا،دوسرے مرحلہ کی ٹیکہ اندازی کا سلسلہ جاری

   


حیدرآباد۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت حکومت تلنگانہ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کورونا ویکسین کا ٹیکہ لے کر عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹیکہ اندازی کے بارے میں غلط فہمیوں کا شکار نہ ہوں۔ بھارت بائیوٹیک کی جانب سے تیار کردہ ویکسین کا ڈاکٹر سرینواس راؤ نے ٹیکہ لیا اور وہ عوام میں پہلے فرد بن چکے ہیں جنہیں یہ ٹیکہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیکہ کے بارے میں عوام میں حوصلہ افزاء ردعمل پایا جاتا ہے اور ٹیکہ اندازی کیلئے خصوصی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق ابھی تک 19923 فرنٹ لائین ورکرس نے ٹیکہ حاصل کیا ہے۔ پنچایت راج اور میونسپل اڈمنسٹریشن محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے ورکرس کے علاوہ مسلح فورسیس کے جوانوں نے ٹیکہ اندازی میں حصہ لیا۔ دوسرے مرحلہ کی ٹیکہ اندازی کا عمل جاری ہے۔584 مراکز پر ٹیکہ اندازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پیر کے دن ٹیکہ اندازی سے ری ایکشن کے 5 معمولی واقعات منظر عام پر آئے۔