بودھن میں پولیس عہدیداران کا اجلاس ، کمشنر ناگاراجو کا خطاب
بودھن /16 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کمشنر پولیس ضلع نظام آباد ناگاراجو نے بودھن کا دورہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے بودھن اربن اور رورل پولیس اسٹیشن کے ریکارڈس کی تنقیح کی اور پولیس عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈائل 100 اور پولیس اسٹیشن میں خواتین کیلئے قائم کردہ علحدہ ڈسک پر موصولہ درخواستوں کی بروقت جانچ کرتے ہوئے فوری مناسب اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی اور حالیہ عرصہ میں نوجوان افراد کی ہارٹ اٹیک سے ہونے والی اموات پر کمشنر پولیس نے تشویش کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بودھن میں علحدہ ٹریفک پولیس اسٹیشن کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے ۔ اس تعلق سے ڈی جی پی کو مکتوب روانہ کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اربن اور رورل پولیس اسٹیشن کی عمارتیں مخدوش ہوچکی ہیں ۔ نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے حکومت کو تجاویز روانہ کئے جاچکے ہیں۔ کمشنر پولیس نظام آباد کے دورہ بودھن پولیس اسٹیشن کے موقع پر اے سی پی بودھن کرن کمار بھی ساتھ میں موجود تھے ۔