شادی کے اصرار پر ظالم کیاب ڈرائیور کے بہیمانہ اقدام کا انکشاف
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں ایک ڈانسر کے سنسنی خیز قتل کا معمہ پولیس نے حل کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون ڈاکٹر گجا راؤ بھوپال نے کہا کہ اتوار کو فلک نما کے علاقہ مصطفی نگر میں 32 سالہ شیرین فاطمہ کی مشتبہ حالت میں نعش دستیاب ہوئی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو اس بات کا پتہ چلا کہ مذکورہ ڈانسر چنچل گوڑہ سے تعلق رکھنے والے کیاب ڈرائیور محمد افسر سے تعلقات قائم کئے ہوئے تھی اور افسر کو شادی کیلئے اصرار کررہی تھی۔ ڈی سی پی نے کہا کہ شیرین فاطمہ بیوہ تھی اور اس کے دو بچے بھی ہیں اور وہ پیشہ سے ڈانسر تھی۔ ہفتہ کی شب مذکورہ ڈانسر نے علاقہ لنگر حوض میں ایک تقریب میں ڈانس کرنے کے بعد محمد افسر اور اس کے ساتھی محمد ناہید کے ہمراہ اپنے مکان واپس لوٹی تھی جہاں پر افسر اور شیرین کے درمیان جھگڑا ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ افسر نے شیرین کا اوڑھنی سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا جس میں اس کا ساتھی ناہید نے بھی مدد کی۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔ب