ڈانڈیا آرگنائزرس غیر ہندو وں کا داخلہ روکیں

   

آدھار کارڈ کے ذریعہ داخلہ دیا جائے ۔ بجرنگ دل کا مکتوب
حیدرآباد 28 ستمبر ( پی ٹی آئی ) بجرنگ دل نے آج گربا و ڈانڈیا منعقد کرنے والے آرگنائزرس سے کہا کہ وہ نوراتری کے موقع پر ان تقاریب میں شرکت کیلئے آدھار کارڈز کو لازمی کردیں تاکہ غیر ہندو برادریوں سے تعلق رکھنے والوں کو ان میں حصہ لینے سے روکا جاسکے ۔ بجرنگ دل نے گربا اور ڈانڈیا منعقد کرنے والے آرگنائزرس سے کہا کہ وہ داخلہ کے مقام پر ہی آدھار کارڈ کو لازمی کردیں تاکہ وہاں داخل ہونے سے قبل ہی غیر ہندو افراد کو روکا جاسکے ۔ آرگنائزرس کے نام ایک کھلا مکتوب جاری کرتے ہوئے ادعا کیا گیا ہے کہ گذشتہ دو تین برسوں میں غیر ہندو نوجوان بھی اس طرح کی تقاریب میں داخل ہو رہے ہیں اور وہاں تقاریب میں شرکت کرنے والی خواتین و لڑکیوں کے ساتھ نازیبا سلوک کیا جا رہا ہے ۔ جو لوگ خواتین و لڑکیوں کو بچانے آگے آتے ہیں انہیں بھی یہ نوجوان زد و کوب کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ یہ تخریب کار اس طرح کی تقاریب اور مقامات کا استعمال کرتے ہوئے معصوم لڑکیوں کو پھانس لیتے ہیں جس کی وجہ سے لو جہاد کے معاملات پیش آ رہے ہیں۔ آرگنائزرس غیر ہندو باکسروں کی خدمات حاصل کرنے سے بھی گریز کریں۔