ڈاؤسکی کے 15 منٹ میں 4 گول بنانے کا ریکارڈ

   

لندن ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پولینڈ کے فٹبال اسٹار روبرٹ لیون ڈاؤسکی نے چیمپیئنز لیگ میں بایرن میونخ کی نمائندگی کرتے ہوئے 15 منٹ میں 4 گول اسکور کر کے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ چمپیئنز لیگ کے میچ میں بایرن میونخ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد سربیائی فٹبال کلب ریڈ اسٹار کو 0-6 سے شکست دے کر اہم کامیابی اپنے نام کی۔ میچ کی خاص بات لیون ڈاؤسکی کی شاندار کارکردگی تھی جنہوں نے چمپیئنز لیگ کی تاریخ میں تیز ترین چارگول اسکور کرتے ہوئے صرف 15 منٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ ریڈ اسٹار اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 14ویں منٹ میں بایرن میونخ کے لیون گوریٹزکا نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کا کھاتا کھولا جس کے بعد پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم مزید کوئی گول اسکور نہ کر سکی۔ میچ کا دوسراہاف میزبان ٹیم کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا جس میں لیون ڈاؤسکی کسی طوفان کی طرح تابڑ توڑگول اسکور کرتے رہے اور ریڈ اسٹارکا دفاع بالکل بے بس نظر آیا۔ 53 ویں منٹ میں بایرن کو ایک پینالٹی ملی جس پر لیون ڈاؤسکی نے گول اسکورکر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔ میچ کے 60 ویں منٹ میں پولش فٹبالر نے اپنا دوسرا اور اپنی ٹیم کے تیسرا گول اسکور کیا اور پھر 64 ویں اور67 ویں منٹ میں مزید دو گول اسکور کر کے خودکو چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں امرکر لیا۔ اس کے بعد میچ کے 89 ویں منٹ میں کورنٹن ٹولیسو نے ایک اورگول بناکر کی اپنی ٹیم کی میچ میں 0-6 سے جیت پر مہر ثبت کردی۔