نئی دہلی،17جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس لیڈر سدیپ بندوپادھیائے اور ڈیرک اوبرائن سمیت پارٹی نے نئے ڈاٹا سکیورٹی قانون کے مطالبے کے سلسلے میں چہارشنبہ کو یہاں پارلیمنٹ کے احاطے میں دھرنا دیا۔ دھرنا دینے والے ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ میں کاکولی گھوش دستی دار ،پرسون یبنرجی اور سوگت رائے اور دیگر پارٹی لیڈر شامل تھے ۔پارٹی لیڈروں نے حکومت مخالف نعرے بھی لگائے ۔پارٹی کا مطالبہ ہے کہ حکومت کو ایک نیا ڈاٹا سکیورٹی قانون لانا چاہئے ۔ ترنمول لیڈروں نے الزام لگایا ہے کہ حکومت کے پاس موجود شہریوں کے ڈاٹا آدھار اور دیگر دستاویزوں کے ذریعہ چوری کئے جارہے ہیں۔ اس دوران بی جے پی کی مغربی بنگال اکائی کے صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے الزام بے بنیاد ہیں اور سبھی ڈاٹا محفوظ ہیں اور وہ ایک بے بنیاد مسئلہ اٹھارہے ہیں۔
