واشنگٹن، 10 جون (یو این آئی)امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے تاریخ میں پہلی بار ایک امریکی پاکستانی کو وائس چیئر مین منتخب کرلیا ہے ۔ ڈاکٹرآصف محمود کا آبائی تعلق کھاریاں سے ہے جبکہ کمیشن کی سربراہی سابق رکن کانگریس وکی ہرٹزلر کو سونپی گئی ہے ۔وائس چیئر مین بننے کے بعد جیو نیوز سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر آصف محمود نے کہا کہ ان کے لیے یہ انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ وہ پہلے پاکستانی، پہلے جنوب ایشیائی اور پہلے مسلمان ہیں جو طاقتور کمیشن میں اس عہدے پر منتخب کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر آصف محمود نے کہاکہ مذہب یا اعتقاد کی آزادی کیلئے کام کرنا ہمیشہ کی طرح آج بھی انتہائی اہم ہے ، اس کیلئے سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہوکر خدمات انجام دینے کی ضرورت ہوتی ہے چونکہ یوایس سی آئی آر ایف میں دونوں جماعتوں کی نمائندگی ہے اس لیے یہ کمیشن اس ضمن میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے ۔ڈاکٹر آصف محمود کے مطابق ان کی کوشش ہوگی کہ وہ امریکی حکومت کو ایسی پالیسی کی وکالت کریں اور سفارشات مرتب کریں تاکہ لوگ اپنے ضمیر کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔وائس چیئر مین ڈاکٹر آصف محمود پلمونولوجسٹ کے طور پر کیلیفورنیا میں تقریباً 25 سال سے خدمات انجام دے رہے ہیں، خیراتی کاموں میں بھی وہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، وہ کیلی فورنیا میں بے گھروں کے سب سے بڑے شیلٹرز میں سے ایک ہوپ دا مشن کے بورڈ رکن بھی ہیں۔امریکن پاکستانی ڈاکٹر محمود انسانی حقوق کے بھی علمبردار ہیں، جنوب ایشیا کی صورتحال خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی وہ آواز اٹھاتے رہے ہیں۔