ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں

   

حکومت کو ہائیکورٹ کی ہدایت ، اندرون دو ہفتے رپورٹ طلب
حیدرآباد۔25 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج میں مصروف ڈاکٹرس اور طبی عملے کے تحفظ کے اقدامات پر حکومت سے اندرون 2 ہفتے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ہائیکورٹ نے حکومت سے استفسار کیا کہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے تحفظ کیلئے کتنے پولیس والوں کو متعین کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان کی قیادت میں ڈیویژن بنچ نے یہ ہدایت دی۔ کووڈ۔ 19 سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرس اور دیگر عملہ کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف جسٹس کو بعض شہریوں کی جانب سے مکتوب روانہ کئے گئے تھے۔ عدالت نے اسے درخواست کے طور پر قبول کرتے ہوئے سماعت کی۔ حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ڈی جی پی راجیو رتن نے جوابی حلف نامہ داخل کیا۔ عدالت کو بتایاکہ مرکز نے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے آرڈیننس جاری کیا ہے جس کے تحت سخت سزاؤں کی گنجائش ہے۔ حکومت نے بتایا کہ طبی عملہ کے تحفظ کیلئے سکیورٹی تعینات کی گئی تاہم تعداد کے بارے میں فوری کہا نہیں جاسکتا۔ حملے کے واقعات کے سلسلے میں 4 ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے تحفظ کیلئے وسیع تر قدم اٹھائے جائیں۔