حیدرآباد 18 اپریل ( سیاست نیوز ) وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کورونا وائرس کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس پر حملوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور ایسے حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ڈاکٹرس کو لوگوں کی زندگی بچانے والا قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس اپنے خاندانوں سے دور رہ کر لوگوں کی زندگیاں بچا رہے ہیں ۔ حال ہی میں شہر حیدرآباد کے کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے بڑے گاندھی ہاسپٹل و عثمانیہ ہاسپٹل میں ڈاکٹرس پر حملوں کے واقعات پیش آئے تھے جس کا انہوں نے سخت نوٹ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ ڈاکٹرس اور صحت کے ورکرس پر حملوں کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ لوگ یہ محسوس نہیں کررہے ہیں کہ یہی ورکرس عملاً کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں آگے ہیں ۔