ڈاکٹرس کو ماسک اور پی پی ای کٹس فراہم کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

   

کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے اقدامات پر حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب

حیدرآباد۔21۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں حکومت کو ہدایت دی ہے کہ کورونا مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرس کو ماسک اور پی پی کٹس حکومت کی جانب سے لازمی طور پر فراہم کئے جائیں۔ ہائی کورٹ نے آج کورونا سے نمٹنے کے حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ججس نے سماعت کی اور حکومت کو بعض تجاویز پیش کیں اور ہدایات جاری کیں۔ درخواست گزار نے عدالت سے خواہش کی کہ وہ وائرس سے نمٹنے کے لئے موثر قدم اٹھانے حکومت کو ہدایت دیں۔ ہجوم کو روکنے کیلئے حکومت کو چاہئے کہ ہر کالونی میں موبائیل رعیتو بازار کا اہتمام کریں۔ ہر ضلع میں کورونا کے علاج کے لئے خصوصی مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ حکومت کے وکیل نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جارہے ہیں ۔ ریاست بھر میں 329 کنٹینمنٹ زون بنائے گئے ہیں تاکہ عوام کی نقل و حرکت پر پابندی رہے۔ فریقین کی سماعت کے بعد عدالت نے حکومت کو موثر اقدامات کی ہدایت دی ۔ عدالت نے کہا کہ کورونا کے علاج میں مصروف ڈاکٹرس کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ ریاست بھر میں کئے جارہے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ آئندہ سماعت 8 مئی کو مقرر کی گئی ۔