ڈاکٹرس کی ہڑتال پر ہائیکورٹ کا عبوری حکم سے انکار

   

کلکتہ14جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کلکتہ ہائیکورٹ نے گزشتہ چار دنوں سے جونیئر ڈاکٹروں کے ہڑتال سے متعلق کوئی بھی عارضی حکم جاری کرنے سے انکارکرتے ہوئے بنگال حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلداس معاملے کا حل نکالیں اور مفاد عامہ کی عرضی کا سات دنوں میں جواب دیں۔چیف جسٹس ٹی جی سبرامنیم کی قیادت والی ڈویژن بنچ نے ڈاکٹروں کی ہڑتال سے متعلق مفاد عاملہ کی عرضی کی سماعت کرتے ہوئے بنگال حکومت کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ سات دنوں میں جواب دیں، ہڑتال کو ختم کرنے اقدامات کریں اور حکومت اس تعطل کو ختم کرنے کوئی حل تلاش کرے۔ چیف جسٹس کی بنچ نے ہڑتال سے متعلق کوئی عارضی فیصلہ دینے سے انکارکرتے ہوئے ہڑتالی ڈاکٹروں سے کہا کہ مریضوں کے حق میں انہوں نے جوحلف لیا ہے اس کی پاسداری کریں۔ بنگال میں گزشتہ چار دنوں سے جونیئر ڈاکٹرس ہڑتال پر ہیں اس کی وجہ سرکاری اسپتالوں کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے اور پرائیوٹ اسپتال بھی متاثر ہوئے ہیں۔