ڈاکٹرس انسانیت کے خدمت گذار ، سرینواس گوڑ اور جونیر ڈاکٹرس کے درمیان ایک دوسرے کا ردعمل
حیدرآباد۔8اپریل(سیاست نیوز) ریاست میں جونیئر ڈاکٹرس کی جانب سے سیفٹی کٹس کیلئے چندہ کی اپیل پر تلنگانہ کے وزیر مسٹر سرینواس گوڑ کی جانب سے دئیے جانے والے بیان کی ڈاکٹرس نے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریاستی حکومت کی جانب سے طبی عملہ کو سیفٹی کٹس اور ماسک فراہم کئے جا رہے ہیں تو ریاستی وزیر خود سامنے آئیں اور انہیں سیفٹی کٹس فراہم کریں۔جونیئر ڈاکٹرس کی اپیل پر مسٹر سرینواس گوڑ نے ڈاکٹرس کی اپیل کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ڈاکٹرس کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن ڈاکٹرس نے ان کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو کٹس فراہم کئے جا رہے ہیں وہ قابل استعمال نہیں ہیں اور کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے کافی نہیں ہیں اسی لئے ڈاکٹرس کو مجبور ہونا پڑاہے۔جونیئر ڈاکٹرس نے کہا کہ ان کی جانب سے کی جانے والی کوشش کا تعلق کوئی سیاسی محرکات پر مبنی نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں وہ انسانیت کی خدمت کررہے ہیں اور خدمات کی انجام دہی کے دوران خود کا تحفظ ان کا بھی بنیادی حق ہے اسی لئے وزیر کو اس طرح کے کسی بھی ریمارکس سے قبل صورتحال کا جائزہ لینا چاہئے کیونکہ طبی ایمرجنسی کی اس صورتحال میں بھی ریاستی وزراء کی جانب سے کی جانے والی سیاست قابل قبول ہے۔جونیئر ڈاکٹرس نے وزیر مسٹر سرینواس گوڑ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے الفاظ سے دستبرداری اختیارکرتے ہوئے طبی عملہ سے معذرت خواہی کریں کیونکہ ان کے بیان سے نہ صرف ڈاکٹرس کی توہین ہوئی ہے بلکہ وزیر کا بیان ڈاکٹرس پر الزام عائد کرنے کے مترادف ہے۔جونئیر ڈاکٹرس نے کہا کہ وبائی امراض سے لوگوں کے تحفظ اور علاج کیلئے وہ سرگرم ہیں اور ان کی اس کوشش کی سراہنا ہر گوشہ سے کی جا رہی ہے لیکن ریاستی حکومت میں شامل وزیر کی جانب سے ہی اگر ڈاکٹر س کا مذاق اڑاتے ہوئے ان پر سیاسی محرکات پر مبنی اقدامات کا الزام عائد کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ڈاکٹر س بھی ان کے خلاف جدوجہد پر مجبور ہوجائیں گے ۔ڈاکٹرس نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے وافر مقدار میں کٹس کی فراہمی عمل میں لائی جاتی تو ڈاکٹر س کیوں عوامی مدد کے حصول کے لئے آگے آتے اس کا جواب دیا جائے۔