ڈاکٹروں نے بیضہ دانی کا آپریشن کرکے 50 کلو گرام کا ٹیومرنکالا

   

نئی دہلی: دہلی کے اپولو اسپتال کے ڈاکٹروں نے بیضہ دانی کا آپریشن کرکے 50 کلوگرام وزنی ٹیومر کو ہٹا کر ایک عورت کو نئی زندگی بخشی ہے ۔ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کہ بیضہ دانی میں اتنا بڑا ٹیومر تیار ہوا ہے ۔دہلی سے تعلق رکھنے والی 52 سالہ خاتون محترمہ لکشمی (تبدیل شدہ نام) کا وزن گزشتہ چند مہینوں سے بڑھتا جارہا تھا، اس کا کل وزن 106 کلو گرام ہوگیا تھا۔ حال ہی میں اسے سانس لینے ، پیٹ کے نچلے حصے میں درد، چلنے اور سونے میں تکلیف ہونے لگی تھی۔ وزن میں اضافہ اور بڑھتی ہوئی پریشانیوں کو دیکھ کر لواحقین نے ڈاکٹروں سے رابطہ کیا تو انہوں نے مریض کو کسی بڑے اسپتال میں لے جانے کو کہا۔اندراپرستھ اپولو اسپتال میں جانچ کرنے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عورت کی بیضہ دانی میں ایک بہت بڑا ٹیومر ہے ، جو تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔