نئی دہلی۔12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے جمعہ کو کہا کہ میڈیکل پریکٹیشنرس (ڈاکٹروں) کے ضابطہ اخلاق کے مطابق انہیں ادویات ساز کمپنیوں اور صحت و طب کے معاون صنعتی شعبوں سے تحائف، سفری سہولتیں، میزبانی، سیر تفریح و مناقبت یا پھر نقد رقم قبول کرنے پر امتناع عائد کیا گیا ہے۔ ہرش وردھن نے لوک سبھا میں یہ بیان دیتے ہوئے مزید کہا کہ ادویات ساز کمپنیوں کی غیر اخلاقی مارکٹنگ طریقوں کے بارے میں حکومت کو چند شکایات موصول ہوئی ہیں اور ایسی کمپنیوں کے سی ای اوز کو اس قسم کی بدعنوانیوں کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا جائیگا۔