ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر کو کلکٹر کی ہدایت، سرکاری دواخانہ اچم پیٹ کا معائنہ
اچم پیٹ ۔گورنمنٹ سیول اسپتال اچم پیٹ کا ضلع کلکٹر ایل شرمن نے اچانک معائنہ کیا۔اوراسپتال میں ڈاکٹروں ، نرسوں اور عملے کے رجسٹر کی جانچ کی۔ کلکٹر پہنچے پر اسپتال سپرنٹنڈنٹ سریش کے علاوہ کوئی اور ڈاکٹر موجود نہیں تھے۔دواخانہ کے احاطے کے ماحول میں گندگی اور خراب انتظام کو دیکھ کر کلکٹر نے برہمی کا اظہار کیا۔ کلکٹر ایل شرمین نے میونسپل کمشنر سری ہری راجو کوطلب کر کے صفائی کروانیکی ہدایت دی۔بعدازاں انہوں نے این این سی یو کا دورہ کیا جوکہ بچوں کو طبی خدمات مہیا کرتا ہے ، اور طبی خدمات کے بارے میںجانکاری حاصل کی۔انہوں نے سپرنٹنڈنٹ سے یہ سوال کیا کہ اسپتال میں اسکائننگ مشین کیوں استعمال نہیں کی جارہی ہے۔انھوں نے حکم دیا کہ باقاعدگی سے کتنے لوگوں کو اسکین کیا جارہا ہے اس کی جانکاری کلکٹر کو میسیج کے ذریعہ پہنچانے کی ہدایت دی۔علاج کے لئے ا ٓئے مریضوں سے بات کرنے پر مریضوں کے لواحقین نے کلکٹر کو توجہ دلائی کہ ڈسپنسری میں پانی نہیں ہے اور بیت الخلا صاف کرنے والا موجود نہیں ہے جس کے سبب بدبو آ رہی ہے۔جس پر کلکٹر نے سوال کیا کہ اتنے بڑے اسپتال میں پانی کیوں نہیں ہے اور بیت الخلا کیوں صاف نہیں ہیں۔انھوں نے ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سدھاکر لال کو ہدایت کی کہ فرائض میں نظرانداز کرنے پر ڈاکٹروں کے خلاف مقدمہ درج کریں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ڈیوٹی پر نہیں آتے ہیں انہیں ہٹانے اور ان کی جگہ نئی ذمہ داریاں لگانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ڈی ایم ایچ وی او کو ہدایت کی گئی کہ وہ ضلع میں 18 ڈاکٹروں کی خالی پوسٹ کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر پْر کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں خالی پوسٹ کے بارے میں اعلی حکام کو ایک رپورٹ بھیجی گئی ہے اور امکان ہے کہ مذکورہ بالا سے احکامات ملتے ہی اس کو پْر کیا جائے۔ڈی ایم ایچ او کو ہدایت کی گئی کہ وہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹروں ، نرسوں اور عملے کی کارکردگی سے متعلق انہیں رپورٹ کریں۔