سداسیوپیٹ ۔12اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سنگار ریڈی ضلع کلکٹر پی۔پروینیا نے سداسیوپیٹ شہر کے سرکاری دواخانے میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات اور سہولیات کے معیار کا اچانک دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا۔کلکٹر صبح بغیر کوئی پیشگی اطلاع دیئے اسپتال کے احاطے میں داخل ہوئے اور وہاں کے حالات کا جائزہ لیا۔ معائنہ کے دوران کلکٹر نے ملازمین کے حاضری رجسٹر کی جانچ کی اور کچھ ڈاکٹروں پر برہمی کا اظہار کیا جو ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہو رہے تھے۔ کلکٹر نے تمام ڈاکٹروں کووقت پر حاضر ہونے کی ہدایت دی۔کلکٹر نے ڈاکٹروں کو کہا کہ اس طرح لکھنا شفافیت نہیں ہے اور ڈاکٹروں کو چاہیے حکومت کی جانب سے شائع ہونے والے پیڈ استعمال کرتے ہوئے دوائیوں کو لکھیں۔ انہیں ادویات کی سپلائی اور اسٹاک کی تفصیلات واضح طور پر ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ضلع کلکٹر پی پروینیا نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد ضلع کے لوگوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔ جس کیلئے ہر طبی عملہ کو اپنی ذمہ داریوں کو مؤثر طریقے سے ادا کرنا چاہیے۔ چونکہ غریب اور متوسط طبقے کے خاندان زیادہ تر سرکاری اسپتالوں پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے ڈاکٹروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے معیار میں کمی نہ آئے۔اس موقع پر تحصیلدار سرسوتی، منڈلا پریشد آفیسر لکشمی، میونسپل کمشنر اوما، ڈاکٹروں اور دوا خانے کا اسٹاف موجود تھا۔