عالمی سطح پر پریکٹس کیلئے منتخب تلنگانہ کی پہلی باحجاب مسلم خاتون سرجن
حیدرآباد۔ 18 جون (راست) ڈاکٹر اسماء فاطمہ صاحبزادی جناب محمد غفار علی کو شعبہ طب میں عالمی سطح کے امتحان MRCS میں کامیابی کے ساتھ رائل کالج آف سرجنس کی رکنیت کا اعزاز حاصل ہوا ہے جس کے بعد وہ دولت مشترکہ کے 54 ممالک میں بہ حیثیت سرجن اپنی پریکٹس جاری رکھنے کے لئے اہل قرار پاچکی ہیں۔ ڈاکٹر اسماء فاطمہ اومانیشنل ہاسپٹل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رحمن خان کی بہو ہیں۔ انھوں نے تشکیل تلنگانہ کے بعد عالمی اعزاز حاصل کرتے ہوئے نئی ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ ڈاکٹر اسماء فاطمہ نے ایڈن برگ، یو کے میں 15 مئی 2023 کو منعقدہ MRCS امتحان میں شرکت کی اور نمایاں کامیابی حاصل کی۔ وہ ابتدا سے ہی ہونہار اور ذہین طالبہ رہی ہیں۔ انٹرمیڈیٹ میں 95 فیصد سے زائد نشانات سے کامیابی حاصل کی تھی اور ایمسیٹ 2013 میں 372 رینک حاصل کرتے ہوئے عثمانیہ میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی نشست حاصل کی۔ بعد ازاں 2019 میں پی جی نیٹ میں بھی کنوینر کوٹہ کے تحت رینک حاصل کرتے ہوئے دکن میڈیکل کالج میں داخلہ لیا اور ماسٹر ان جنرل سرجری کی تکمیل کے بعد شعبہ طب میں اپنی مہارت میں اضافہ کیا۔ یو کے میں منعقدہ سمینارس میں سرجری پر مقالے پیش کئے اور عالمی سطح کے طبی جریدے میں حال ہی میں تحقیقی مضمون کی اشاعت کا بھی انہیں اعزاز حاصل ہوا ہے۔ رائل کالج آف سرجنس میں رکنیت حاصل کرنے کے لئے انہوں نے ایڈنبرگ میں منعقدہ امتحان میں شرکت کی اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ سے منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون سرجن بن گئیں۔ ڈاکٹر اسماء فاطمہ نے بین الاقوامی سطح کی سرجن بننے کا اعزاز ملنے پر بارگاہ رب العزت میں شکر ادا کرتے ہوئے دختران ملت کو پیغام دیا کہ ترقی کی راہ میں حجاب رکاوٹ نہیں ہے۔ محنت، لگن اور انتھک جدوجہد کے ذریعہ وہ اعلیٰ سے اعلیٰ ترین مقام تک پہنچ سکتی ہیں۔