حیدرآباد 10 اگست (سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے اعلان کیاکہ یونیورسٹی کے مساوی موقع پلان کے حصہ کے طور پر تلنگانہ میں تمام ٹرانسجینڈرس کو ڈگری کورسیس مفت فراہم کئے جائیں گے۔ پروفیسر گھنٹا چکراپانی وائس چانسلر نے ایک صحافتی بیان میں یہ بات کہی۔ پروفیسر چکراپانی نے اسے جامع تعلیم کی سمت ایک حیرت انگیز قدم قرار دیا۔ انھوں نے کہاکہ ڈاکٹر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی ٹرانسجینڈرس کو اس طرح کا موقع فراہم کرنے والی پہلی یونیورسٹی ہوگی۔ اس اختراعی اسکیم کے تحت تعلیمی سال 2025-26 سے کوئی بھی ٹرانسجینڈر جو 10+2 (انٹرمیڈیٹ یا مماثل) کامیاب ہو۔ اس یونیورسٹی کے ڈگری کورسیس میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے لئے 500 روپے کی ایک برائے نام رجسٹریشن فیس ادا کرنا کافی ہوگا۔ یونیورسٹی تمام ٹیوشن فیس معاف کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں کورس میٹرئیل مفت فراہم کیا جائے گا۔ ان کے کلاسیس میں شرکت کرنے یا دیگر میڈیا کے ذریعہ تعلیم حاصل کرنا جاری رکھنے پر کوئی فیس چارج نہیں کی جائے گی۔ پروفیسر چکراپانی نے کہاکہ وہ تلنگانہ میں کسی بھی اسٹڈی سنٹر پر داخلہ حاصل کرسکتے ہیں اور وہاں کلاسیس میں شرکت بھی کرسکتے ہیں۔ مکمل تفصیلات کے لئے ہیلپ ڈیسک 040-23680333 / 040-23680555، کال سنٹر : 18005999010 یا ویب سائیٹ www.online.braou.ac.in / www.braou.ac.in ملاحظہ کرسکتے ہیں۔