جلسہ عام کی تیاریاں مکمل ، تمام 119 اسمبلی حلقہ جات سے 40 ہزار افراد کی شرکت
حیدرآباد۔13۔اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 14 اپریل امبیڈکر جینتی کے موقع پر ٹینک بنڈ کے قریب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے 125 فیٹ بلند قامت مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دیں گے ۔ ڈاکٹر امبیڈکر کے جانشین پرکاش امبیڈکر کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ ملک کی مختلف دلت تنظیموں کے نمائندہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ مجسمہ امبیڈکر کی نقاب کشائی تقریب بڑے پیمانہ پر منعقد ہوگی اور تقریب کے بعد چیف منسٹر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر نے آج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے دستور میں دفعہ 3 کو شامل کیا جس کے نتیجہ میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ ملک میں ان کا سب سے بلند مجسمہ رہے گا جو سکریٹریٹ کے قریب شہیدان تلنگانہ یادگار سے متصل نصب کیا جا رہا ہے ۔ جہاں روزانہ ہزاروں افراد خراج عقیدت کے لئے پہنچیں گے ۔ تقریب رونمائی میں ریاست کے تمام اضلاع سے عوام شرکت کریں گے ۔ جلسہ عام میں تقریباً 40,000 افراد کی شرکت کا امکان ہے اور گاڑیوں کیلئے وسیع تر پارکنگ کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ مجسمہ کی تیاری میں ماہر مجسمہ ساز پدمابھوشن رام ونجی سوتار نے اہم رول ادا کیا۔ چیف منسٹر نے تقریب میں انہیں مدعو کرتے ہوئے تہنیت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ریاستی سکریٹریٹ کے نئے کامپلکس کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کیا ہے۔ چیف منسٹر نے تقریب اور جلسہ عام کے سلسلہ میں وزراء کو موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ عوام کیلئے پینے کے پانی اور بٹر ملک کا انتظام کیا جائے گا۔ تقریب کے موقع پر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مجسمہ پر پھول برسائے جائیں گے۔ بدھ مت کی مذہبی روایات کے مطابق تقریب رونمائی انجام دی جائے گی ۔ 119 اسمبلی حلقوں سے 35700 افراد کو منتقل کیا جائے گا اور ہر اسمبلی حلقہ سے 300 افراد شرکت کریں گے۔ آر ٹی سی کی 750 بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد سے 50 کیلو میٹر کے فاصلہ پر اضلاع سے آنے والوں کے لئے طعام کا انتظام رہے گا۔ پروگرام کے سلسلہ میں بڑے پیمانہ تشہیر کی جارہی ہے اور ٹینک بنڈ کے اطراف کے علاقہ کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ جلسہ عام کا آغاز دوپہر2 بجے ہوگا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے 30 اپریل کو نئے سکریٹریٹ کے افتتاح کا فیصلہ کیا ہے۔ ر