ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کے لیے انتظامات مکمل کریں

   

جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کی ہدایت
حیدرآباد :۔ آئین ہندوستان اور قومی معمار بابا صاحب امبیڈکر کے 125 ویں سالگرہ کے موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 14 اپریل 2016 کو 125 فیٹ مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے عظیم مقاصد اور نظریات کی یاد دہانی کرواتے رہنے کے خاطر وزیر برائے پسماندہ طبقات ، اقلیتی بہبود ، بہودی معذورین و بزرگ شہریان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ حیدراباد شہر میں امبیڈکر کے مجسمہ کے قیام کے لیے ضروری انتظامات مکمل کریں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے احکامات کے مطابق وزیر موصوف نے اس مجسمہ کو جلد از جلد نصب کرنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے پیر کے روز بی آر کے بھون میں موجود اپنے دفتر میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے قائم کیے جانے والے امبیڈکر مجسمے کے قیام سے متعلق متعلقہ حکام کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ وزیر نے کہا کہ مجسمے کے لیے جگہ کا انتخاب پہلے ہی این ٹی آر گارڈن کے لیے طئے ہوچکا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ امبیڈکر کے مجسمے کے ساتھ ایک میوزیم اور ایک کانفرنس ہال بھی قائم کیا جائے گا تاکہ ان کے قیمتی نظریات اور خیالات کی یاد دہانی ہوتی رہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت اس علاقے کو سیاحتی مقام بنانے کے لیے تمام تر انتظامات کررہی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت کا ارادہ ہے کہ اس طرح سے مجسمہ نصب کریں گے کہ اس جیسا مجسمہ ملک بھر میں کوئی اور نہ ہوگا ۔ وزیر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ امبیڈکر کے نظریات کے عین مطابق تشکیل دی گئی ہے اور تلنگانہ کے شہری اور ان کی نسل در نسلیں ہمیشہ ان کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے ان کا خواب پورا کریں گے اور سنہری مستقبل کے لیے اقدامات کر کے اپنا فرض ادا کریں گے ۔ اس میٹنگ میں ترقی برائے پسماندہ طبقات کے سکریٹری راہول بوجا ، خصوصی سکریٹری و جئے کمار ، روڈس اینڈ بلڈنگس انجینئر انچیف گنپتی ریڈی ، ایس سی ڈی ڈی کے ایڈیشنل ڈائرکٹر کروناکر اور دیگر نے شرکت کی ۔۔