سابق رکن راجیہ سبھا ہنمنت رائو کی مساعی
حیدرآباد۔ 21 فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے پنجہ گٹہ علاقے میں کانگریس پارٹی کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کی اجازت نہ دیئے جانے پر سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے 22 فروری کو پریس کلب سوماجی گوڑہ میں کل جماعتی رائونڈ ٹیبل اجلاس طلب کیا ہے۔ ہنمنت رائو نے اس سلسلہ میں مختلف سیاسی پارٹیوں اور دلت تنظیموں کے قائدین کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شرکت کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 12 اپریل 2019ء کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر پنجہ گٹے میں مجسمہ نصب کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پولیس نے اجازت نہیں دی اور کانگریس قائدین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ پولیس نے مجسمے کو کچرے دان کی نذر کردیا۔ ہنمنت رائو نے 5 لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے نیا مجسمہ تیار کیا لیکن پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں سیاسی قائدین کے مجسمے پولیس اور بلدی حکام کی اجازت کے بغیر نصب کئے گئے ہیں لیکن مجسمہ امبیڈکر کو نصب کرنے سے روکا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے کی تنصیب کو روکنا افسوسناک ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کے تیار کردہ دستور کے نتیجہ میں علاحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی جاسکی لیکن اسی شخصیت کے مجسمے کی تنصیب کو حکومت کی جانب سے روکا جارہا ہے۔ مجسمے کے سلسلہ میں مہم میں شدت پیدا کرنے کے لیے کل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا جس میں حکومت سے نمائندگی کی حکمت عملی طے کی جائیگی۔