ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی خدمات کو خراج

   

محبوب نگر ۔ 15 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا۔ وہ آج عبدالکلام کی یوم پیدائش کی مناسبت سے مستقر محبوب نگر کے نیوٹاؤن چوراہا پر عبدالکلام کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نچھاور کرتے ہوئے زبردست خراج عقیدت پیش کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی جے عبدالکلام ایک منفرد شخصیت ہیں جنہوں نے ہندوستان کے دفاعی شعبہ میں میزائل سسٹم کو بلندیوں پر پہنچا دیا۔ انہیں بجا طور پر ’’میزائل مین‘‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ ملک کے 11 ویں صدر جمہوریہ رہے اور ملک کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچادیا۔ ان کی زندگی ہر ایک کے لئے بہترین مثال ہے اور ہمیں ان کے نقش قدم پر چلنا ہے۔ بالخصوص ملک کے نوجوانوںکے لئے وہ آئیڈیل ہیں۔ آج ان کے کارناموں کو یاد کرکے مجھے مسرت محسوس ہو رہی ہے۔ وہ ایک ایسی عظیم ہستی ہیں جس پر ملک فخر کررہا ہے۔ اس موقع پر وائس چیرمین بلدیہ شبیر احمد، مارکٹ کمیٹی وائس چیرمین وجئے کمار، میونسپل کونسلرس و دیگر قائدین موجود تھے۔