اوپن یونیورسٹی اور کامن ویلتھ آف لرننگ میں یادداشت مفاہمت، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر توجہ
حیدرآباد 18 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی موجودگی میں انٹی گریٹیڈ ڈیجیٹل ایجوکیشن اکیڈیمی کے قیام کے لئے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اور کامن ویلتھ آف لرننگ کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی جانب سے یادداشت مفاہمت کے ذریعہ نامور ڈیجیٹل یونیورسٹی کی ترقی کا منصوبہ ہے۔ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعہ تدریس کے شعبہ میں عصری سہولتوں سے استفادہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے دونوں اداروں کے درمیان یادداشت مفاہمت پر مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی نے حالیہ عرصہ میں کئی اختراعی اقدامات کے ذریعہ فاصلاتی شعبہ میں تعلیم کو فروغ دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور بنیادی سطح سے اعلیٰ تعلیم تک بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی میں حکومت سنجیدہ ہے۔ تلنگانہ کی یونیورسٹیز کو حکومت کی جانب سے بہتر انفراسٹرکچر سے لیس بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کو نالج ہب کے طور پر ترقی دینے کیلئے حکومت ہرممکن قدم اُٹھائے گی۔ کامن ویلتھ اور لرننگ کے صدر اور چیف ایکزیکٹیو آفیسر پیٹر سوارٹ نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے شعبہ تعلیم کی ترقی کو سراہا۔ یادداشت مفاہمت پر دستخط کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر جی چکراپانی، حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشو راؤ، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔1