ہنمنت راؤ کا کُل جماعتی راؤنڈ ٹیبل اجلاس، یکم مارچ کو دہلی روانگی
حیدرآباد۔/22 فبروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کے سلسلہ میں سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج راونڈ ٹیبل اجلاس طلب کیا تھا۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا، صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام جے اے سی قائد وجئے رما راؤ، بی سی قائد آر کرشنیا، مالا مہا ناڈوں کے صدرچنیا، جے بی راجو پی سی سی او بی سی سی کے صدر کے وینکٹ سوامی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ مقررین نے حکومت کی جانب سے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرن کی اجازت نہ دیئے جانے پر سخت تنقید کی۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ امبیڈکر جینتی کے موقع پر پنجہ گٹہ چوراہے پر مجسمہ کی تنصیب سے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق رکن پارلیمنٹ ہرش کمار کے ساتھ مل کر انہوں نے 5 لاکھ روپئے کے خرچ سے نیا مجسمہ تیار کروایا لیکن اسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر کانگریس کے علاوہ دیگر پارٹیوں کی تائید حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجسمہ کی تنصیب کی مہم کیلئے وہ کوئی بھی سزا قبول کرنے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجسمہ کی تنصیب تک جدوجہد جاری رہے گی۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ دستور ہند کی دفعہ 3 کے تحت تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے اور دستور ہند کے معمار کے مجسمہ کی تنصیب سے روکنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر دستوری قدم اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مجسمہ کے بارے میں واضح تیقن نہ دے تو دہلی کی سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ کوندڈا رام نے حیدرآباد میں 10,000 افراد کے ساتھ دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا نے کہا کہ اگر حکومت مجسمہ نصب کرنے کی اجازت نہ دے تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔ کے سی آر حکومت میں ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کی ترقی متاثرہوئی ہے۔ بی سی سنگھم کے صدر آر کرشنیا نے کے سی آر پر ہٹلر کی طرح حکمرانی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ان کا انجام بھی ہٹلر کی طرح ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں عوامی وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مجسمہ کی تنصیب کو روکنا عوام کی توہین سے تعبیر کیا۔جے اے سی کے صدر نشین مشتاق ملک نے مہم سے یگانگت کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم مارچ کو کُل جماعتی قائدین نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں ایس سی ، ایس ٹی کمیشن سے نمائندگی کی جائے گی۔