امبیڈکر جینتی پر کانگریس قائد فیروز خاں کا خراج عقیدت
حیدرآباد۔/14 اپریل، ( پریس نوٹ ) فیروز خاں قائد کانگریس پارٹی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی یوم جینتی کے موقع پر مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر فیروز خاں نے کہا کہ ہر طرف فرقہ پرستی عروج پر ہے ۔ ہمارے ملک کا دستور جس کو بابا صاحب نے بنایا تھا ساری دنیا کے لئے مشعل راہ ہے اور ہماری جمہوری جڑیں اتنی مضبوط ہیں کہ اس کوکوئی ہلا نہیں سکتا۔ ہمار ادستور جو کہ امبیڈکر کے مرہون منت ہے جس میں تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک ساتھ زندگی گذارنے کا موقع اور ترقی کرنے کا حق ہے۔ فیروز خاں نے کہا کہ آج ہمیں ایسا دستور ملا ہے جس کی روح سے ہم کو مکمل حقوق حاصل ہوئے ہیں۔ اس کے باوجود چند عناصر دستور کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام میں بھید بھاؤ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور نفرت کے بیج بورہے ہیں ۔ ملک میں ایک انتشار کی کیفیت پیدا کی جارہی ہے لیکن کانگریس پارٹی ہی بابا صاحب کے اصولوں پر مکمل کاربند ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کے احسانات کو مدنظررکھتے ہوئے ملک میں پیدا کی جانے والی بدامنی کو دور کیا جاسکتا ہے۔ آخر میں فیروز خاں نے کہا کہ ہم سب ملکر یہ عہد کریں کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے بتائے ہوئے اصولوں کو اپناتے ہوئے ملک میں پرامن فضاء بنائیں جیسا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے کہا کہ متحد ہوجائیں، شعور بیدار کریں اور فرقہ پرستی کے خلاف احتجاج کریں۔
