ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو 64 ویں برسی پر قائدین کا خراج

   

اسمبلی کے احاطہ اور ٹینک بنڈ پر مجسمے کی گلپوشی، اسپیکر اسمبلی اور صدرنشین کونسل کی شرکت
حیدرآباد۔ 6ڈسمبر (سیاست نیوز) دستور ہند کے معمار بی آر امبیڈکر کی برسی کے موقع پر آج انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ احاطہ اسمبلی میں اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر رائو، وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی، کونسل کے چیف وہپ بی وینکٹیشورلو اور دیگر قائدین نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے پر پھول مالا پیش کی۔ اسمبلی کے احاطہ میں موجود مہاتما گاندھی کے مجسمے پر بھی پھول نچھاور کیئے گئے۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے 64 ویں برسی کے موقع پر ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام طبقات کو یکساں حقوق فراہم کرتے ہوئے دستور تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور سازی کے سلسلہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اسی دوران سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو، سابق صدر پردیش کانگریس پونالا لکشمیا اور دیگر کانگریس قائدین نے ٹینک بنڈ پر واقع ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے کی گلپوشی کی اور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، یوتھ کانگریس کے ترجمان ایس پی سریکانت کمار اور دیگر قائدین موجود تھے۔ پونالا لکشمیا نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے کمزور طبقات کو دستور میں خصوصی مراعات فراہم کرتے ہوئے سماج میں ان کے ساتھ امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں کمزور طبقات کے ساتھ امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ چھوت چھات کے خاتمے کے لیے ڈاکٹر امبیڈکر نے مساعی کی تھی۔