امبیڈکر کو خراج، کارگذار صدر ٹی آر ایس کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔14اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ کی تشکیل ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نظریات پر عمل کے سبب ہوئی ہے اور امبیڈکر کے نظریات پر کاربند قائدین اور کارکنوں نے تحریک تلنگانہ کوکامیاب بناتے ہوئے ریاست کی تشکیل کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نظریات پر عمل پیرا رہتے ہوئے تلنگانہ کی تحریک چلائی جس کے نتیجہ میں آج تلنگانہ عوام کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج تلنگانہ بھون میں منعقدہ امبیڈکر جینتی تقریب سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ با با صاحب امبیڈکر نے ملک کی ترقی کیلئے جو نظریہ پیش کیا ہے وہی نظریہ کے سی آر نے ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے اختیار کیا ہوا ہے۔ اس تقریب میں ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کے علاوہ ارکان اسمبلی و صدورنشین ادارہ جات اور پارٹی قائدین و کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے لئے جو تحریک چلائی گئی اس تحریک کیلئے بھی امبیڈکر کے نظریات اختیار کئے گئے اور اب ریاست کی ترقی کیلئے بھی سب کو مساوی حقوق اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرتے ہوئے ان ہی نظریات پر ریاستی حکومت کاربند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی مجموعی ترقی تمام طبقات کی یکساں ترقی میں پنہاں ہے اسی لئے حکومت ریاست کے ہر طبقہ کی ترقی کیلئے منفرد منصوبہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔انہو ںنے گذشتہ یوم امبیڈکر کے مجسمہ کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اس حرکت کو انجام دینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرے گی اور انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا سب سے بڑا کارنامہ تمام طبقات کی ایوان میں نمائندگی یقینی بنانے کے علاوہ دلتوں کو دیگر طبقات کے مساوی بنانا ہے اور ان کے اسی کارنامہ کے سبب سماج میں یکسانیت پیدا ہوئی ہے۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی نے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو حقیقت میں خراج پیش کرنے کیلئے ان کے راستہ پر گامزن رہنے کے علاوہ ان کے مشن کو اختیار کرنا ہے جو سماج میں مساوات کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ سماج میں اتحاد و اتفاق کے ساتھ یکسانیت کے فروغ کے لئے بھی کام کریں اور تلنگانہ کے قیام کے حقیقی مقصد کے حصول کیلئے تمام طبقات کی ترقی کو یقینی بنانے میں حکومت سے تعاون کریں۔
