صدرنشین اور ارکان کی حلف برداری
حیدرآباد: ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی پرنسپل سکریٹری زراعت نے آج صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ کمیشن کے کارگزار صدرنشین پروفیسر سی ایچ سائیلو نے عہدہ کا حلف دلایا ۔ اس موقع پر کمیشن کے نو نامزد ارکان اور سکریٹری وانی پرساد موجود تھے۔ صدرنشین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے نئے ارکان کو حلف دلایا جن میں پروفیسر بی لنگا ریڈی ، رماوت دھن سنگھ ، کے ارونا کماری ، سمترا آنند ، کے رویندر ریڈی ، ڈاکٹر اے چندر شیکھر راؤ اور آر ستیہ نارائنا شامل ہیں۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پبلک سرویس کمیشن کے پہلے صدرنشین کی حیثیت سے پروفیسر جی چکرپانی کا تقرر کیا گیا تھا جن کی میعاد حال ہی میں ختم ہوئی ہے۔ ڈاکٹر کرشنا ریڈی اور پروفیسر سائیلو نے کارگزار صدرنشین کی حیثیت سے مختصر مدت کیلئے خدمات انجام دی ہیں۔ واضح رہے کہ کمیشن کی اولین ترجیح سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ 50,000 جائیدادوں پر تقررات ہوگی۔ صدرنشین ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے کہا کہ بہت جلد تقررات کا عمل شروع کیاجائے گا ۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد حکومت نے پبلک سرویس کمیشن کی تشکیل عمل میں لائی ہے۔