اورنگ آباد میں راجیش جادھو کا کامیاب آپریشن
اورنگ آباد: بعض اوقات عجیب و غریب حادثات رونما ہوتے ہیں، کبھی کبھار کوئی جان بوجھ کر ایسی نقصاندہ چیز نگل لیتا ہے یا پھرکبھی حادثاتی طور پرکوئی ایسی چیز انسان کے پیٹ میں چلی جاتی ہے جسے اگر فوری طور پر نہیں نکالا گیا تو اس انسان کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے ۔اس طرح کے اکثر واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، اور ماہر ڈاکٹرس آپریشن کے ذریعے سے وہ چیز باہر نکال کر اس شخص کی زندگی بجا لیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک عجیب و غریب اور اپنی نوعیت کے اعتبار سے منفرد واقعہ اورنگ آباد میں پیش آیا، جس میں ایک 33 سالہ شخص نے غلطی سے کچھ اور نہیں بلکہ 9 انچ لمبا ایک ٹوتھ برش نگل لیا تھا۔ جس کے بعد یہاں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل( گھاٹی اسپتال ) میں ایک مسلم ڈاکٹر نے اپنے دوسرے ساتھی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کے ساتھ مل کر کامیاب آپریشن کیا اور اس شخص کی زندگی بچائی ۔آپریشن ٹیم کی سربراہی کرنے والے اسوسیٹ پروفیسر اور سرجری ڈپارٹمنٹ کے یونٹ انچارج ڈاکٹر جنید ایم شیخ نے بتایا کہ 26 ڈسمبر کو ایک مزدور راجیش جادھو کو صبح گیارہ بجے کے لگ بھگ پیٹ میں درد کے ساتھ گھاٹی اسپتال پہنچایا گیا۔ جس نے غلطی سے ایک ٹوتھ برش کو نگل لیا تھا اور وہ درد سے تڑپ رہا تھا۔ جب یہ معلوم ہوا کہ اس نے دانتوں کا برش نگل لیا ہے تو،اس کے پیٹ میں برش کی موجودگی کے مقام کا تعین کرنے کے لئے سی ٹی اسکین کرایا گیا۔ “اگر یہ برش فوری طور پر نہیں نکالا جاتا تو پیٹ میں آنتوں میں سراخ ہونے اور انتڑیوں کے پھٹ جانے کا خدشہ تھا۔ جس سے مزید پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی تھیں ، اور ممکنہ طور پر جان لیوا ثابت ہوتا، لہذا ہم نے فوری طور پر اس کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔” انھوں نے مزید بتایا کہ گھاٹی اسپتال کے ڈین ڈاکٹر کنن یلیکر ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سریش ہربڈے ، ہیڈ آف جنرل سرجری پروفیسر ڈاکٹر سروجنی جادھو سے مشورہ اور راہنمائی میں ایک غیر معمولی آپریشن کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی جس نے یہ کامیاب آپریشن کیا۔ “ہم نے مریض کے پیٹ کی چھوٹی لیپروٹومی کے ذریعے سے تقریبا 90 منٹ کے آپریشن کے بعد ٹوتھ برش نکال لیا۔ اور مریض کو کسی بھی دوسری قسم کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اندرونی صفائی بھی کی۔”