ڈاکٹر ذاکر نائک کے پیس ٹی وی پر جرمانہ

   

لندن 17 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانوی میڈیا واچ ڈاگ آف کام نے ذاکر نائک کے پیس ٹی وی نیٹ ورک پر 300,000 پاونڈ کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پیس ٹی وی پر ایک نفرت پر مبنی تقریر نشر کرنے پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ تقریر کا مواد برطانیہ میں انتہائی اشتعال انگیز قرار دیا جاسکتا ہے ۔لندن سے کام کرنے والے اس ادارہ نے جو نشریات کو باقاعدہ بنانے کا ذمہ دار ہے پیس ٹی وی اردو پر 200,000 پاونڈ اور پیس ٹی وی پر 100,000 پاونڈ کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ آف کام نے کہا کہ پیس ٹی وی اردو اور پیس ٹی وی پر جو پروگرام اور تقاریر پیش کئے جا رہے ہیں وہ نفرت پر مبنی اور اشتعال انگیز ہیں۔ ایک موقع پر اسے جرائم کیلئے اکسانے کا ذمہ دار بھی قرار دیا جاسکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان ٹی وی چینلس پر جو مواد پیش کیا گیا ہے وہ برطانیہ میں لاگو قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے ۔ پیس ٹی وی کی ملکیت لارڈ پروڈکشنس لمیٹیڈ کی ہے اور کلب ٹی وی کے پاس پیس ٹی وی اردو کا لائسنس ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان دونوں اداروں کو دو لاکھ اور ایک لاکھ ڈالرس کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا ۔ پیس ٹی وی غیر منفعت بخش چینل ہے جس کے ذریعہ فری ٹو ائیر پروگرامس انگریزی ‘ بنگالی اور اردو زبانوں میںدوبئی سے پیش کئے جاتے ہیں۔ پیس ٹی وی کے بانی اور صدر ذاکر نائک ہیں جو فی الحال ہندوستان میں نہیںہیں۔ ان کے ٹی وی چینل پر جرمانہ عائد کئے جانے کا یہ پہلا موقع ہے ۔