ڈاکٹر سید ولی اللہ قادری اے آئی وائی ایف کے قومی نائب صدر منتخب

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ڈاکٹر سید ولی اللہ قادری کا آل انڈیا یوتھ فیڈریشن ( اے آئی وائی ایف ) کے قومی نائب صدر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ ضلع ورنگل سے تعلق رکھنے والے کاکتیہ یونیورسٹی کے سابق طالب علم ولی اللہ قادری کو قومی عاملہ کی جانب سے اتفاق رائے سے بلا مقابلہ منتخب کیا گیا ۔ حیدرآباد میں منعقدہ سنٹرل کونسل کے اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا ۔ جو خیریت آباد کے ویشویشورا بھون میں جاری ہے ۔ یاد رہے کہ ولی اللہ قادری نے متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے موقع پر اے ائی ایس ایف کے ریاستی صدر کی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ اس کے علاوہ ان کی خدمات اور عوامی مسائل بالخصوص طلبہ برادری کے مسائل اور تعلیمی نظام کی تبدیلی تعلیمی پالیسی پر جدوجہد کو دیکھتے ہوئے اے آئی ایس ایف کے قومی صدر کی ذمہ داری بھی دی گئی تھی ۔ بائیں بازو کے حلقوں میں قومی سطح پر شہرت رکھنے والے ڈاکٹر سید ولی اللہ قادری نے حصول تلنگانہ کی جدوجہد میں بھی اپنا اہم رول ادا کیا تھا اور کاکتیہ یونیورسٹی کے مرکز سے تحریک میں سرگرم رول ادا کرنے ولی اللہ قادری پر 150 سے زائد مقدمات درج کئے گئے اور انہیں اس وقت جیل کی اذیت کو بھی برداشت کرنا پڑا تھا ۔ ولی اللہ قادری فی الحال اے آئی وائی ایف کے ریاستی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے جنہیں قومی نائب صدر منتخب کرلیا گیا ہے ۔۔ ع