ڈاکٹر شمشیر دیالیل کا طیارہ حادثہ کے متاثرہ طلبہ اورڈاکٹرس کیلئے 6 کروڑکا عطیہ

   

Ferty9 Clinic

دبئی۔ 16 جون (پی ٹی آئی) متحدہ عرب امارات میں مقیم ہندوستانی ڈاکٹر اور انسان دوست، ڈاکٹر شمشیر ویالیل نے احمد آباد میں گزشتہ ہفتے پیش آئے ایر انڈیا طیارہ حادثے میں متاثر ہونے والے میڈیکل طلبہ اور ڈاکٹروں کے اہل خانہ کے لیے 6 کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ حادثے کا شکار طیارہ بی جے میڈیکل کالج کے اتلیئم ہاسٹل کمپلیکس سے دوپہر کے کھانے کے وقت ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں طلبہ کے کمروں اور ڈائننگ ہال کو مکمل طور پر تباہ کر دیاگیا۔ لندن جانے والے بوئنگ طیارے میں 242 مسافر اور عملہ سوار تھا، جن میں سے صرف ایک زندہ بچ پایا، جب کہ زمین پر موجود 29 افراد، جن میں پانچ ایم بی بی ایس طلبہ بھی شامل تھے، ہلاک ہوگئے۔ ابوظہبی سے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹر شمشیر، جو برجیل ہولڈنگز کے بانی و چیئرمین اور وی پی ایس ہیلتھ کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں، نے کہا کہ جب انہوں نے حادثے کے مناظر دیکھے تو وہ اندر سے ہل کر رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود اپنی میڈیکل تعلیم کے دوران کستوربا میڈیکل کالج منگلور اور سری رام چندر میڈیکل کالج چنئی میں ایسے ہی ہاسٹلز میں وقت گزارا تھا، اس لیے یہ مناظر ان کے دل کو چْھو گئے۔ انہوں نے کہا، میں نے میس اور ہاسٹل کی تصاویردیکھی، اور وہ دل دہلا دینے والی تھی۔ مجھے اپنے وہ دن یاد آ گئے جب میں انہی جیسی جگہوں کو اپنا گھر سمجھتا تھا ، وہ راہداریاں، بستر، امتحانات کا دباؤ، اورگھر سے کال کا انتظار۔ انہوں نے کہا، کوئی بھی یہ توقع نہیں کرتا کہ ایک کمرشل طیارہ اس دنیا میں آ کر تباہی مچا دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن طلبہ نے اس دن کا آغاز لیکچرز، اسائنمنٹس اور مریضوں کے بارے میں سوچتے ہوئے کیا تھا، ان کی زندگی ایک ایسے انداز میں ختم ہوئی، جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ یہ واقعہ ان کے دل کے بہت قریب محسوس ہوا۔ ڈاکٹر شمشیر کے ریلیف پیکیج میں ہر ایک جاں بحق طالب علم کے خاندان کے لیے ایک کروڑ روپے، پانچ شدید زخمی طلبہ کے لیے 20 لاکھ روپے فی کس اوران ڈاکٹروں کے خاندانوں کے لیے بھی 20 لاکھ روپے فی کس کی مالی امداد شامل ہے، جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ یہ مالی امداد بی جے میڈیکل کالج کی جونیئر ڈاکٹروں کی اسوسی ایشن کے تعاون سے فوری طور پر متاثرین تک پہنچائی جائے گی۔ یہ پہلا موقع نہیں جب ڈاکٹر شمشیر نے کسی بڑے سانحے کے بعد امداد فراہم کی ہو۔ اس سے قبل 2010 کے منگلور طیارہ حادثے کے بعد بھی انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کے ساتھ ساتھ برجیل ہولڈنگز میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے تھے، جو مشرق وسطیٰ کی ایک بڑی طبی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ہے۔