ڈاکٹر محمد رفعت کوامیر جماعت اسلامی سعادت اللہ حسینی کا خراج

   


حیدرآباد۔ جماعت اسلامی کے قدآور رہنما ڈاکٹر محمد رفعت کے انتقال پر جماعت اسلامی کے ذمہ داروں نے تعزیت کا اظہار کیا اور اسے ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان قرار دیا۔ ڈاکٹر رفعت حال ہی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ سے اپلائیڈ سائنسیس اور ہیومانٹیز ڈپارٹمنٹ میں پروفیسر کے عہدہ سے سبکدوش ہوئے تھے۔ ڈاکٹر محمد رفعت کے انتقال پر جماعت اسلامی کے ذمہ داروں نے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے آئی آئی ٹی کانپور میں تعلیم حاصل کی اور دہلی و ہریانہ میں تقریباً 16 برسوں تک بحیثیت امیر نمایاں خدمات انجام دیں ۔جماعت اسلامی کے سنٹرل اڈوائزری کونسل کے رکن اور سنٹر فار اسٹڈی اینڈ ریسرچ کے ڈائرکٹر تھے۔ وہ پالیسی مرتب کرنے اور نئے اداروں اور ان سے وابستہ تنظیموں کے قیام کیلئے جماعت کی اہم کمیٹیوں کے سربراہ رہے۔ وہ رسالہ ’ زندگیٔ نو ‘ کے سابق ایڈیٹر تھے۔ امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ڈاکٹر رفعت کی وفات امت مسلمہ اور اسلامی تحریک کیلئے ایک بڑا خسارہ ہے۔ وہ ایک دانشور، عظیم رہنما اور مفکر تھے اور وہ کئی خوبیوں کے مالک تھے۔ وہ بغیر کسی نوٹ کے مربوط انداز میں تقریر کرتے جیسے کوئی تحریری مضمون پڑھ رہا ہو۔ جناب سعادت اللہ حسینی نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔