ڈاکٹر محمد عبدالقوی، پی آر او تلنگانہ یونیورسٹی

   

Ferty9 Clinic

اساتذہ، طلباء و طالبات اور دیگر شخصیتوں کی نیک تمنائیں
نظام آباد : ڈاکٹر محمد عبدالقوی اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اُردو تلنگانہ یونیورسٹی کوپبلک ریلیشن آفیسر تلنگانہ یونیورسٹی مقرر کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی پروفیسر رویندر گپتا کی ہدایت پر رجسٹرار تلنگانہ یونیورسٹی پروفیسر پی۔ کنکیا نے اس سلسلہ میں احکام کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے ڈاکٹر محمد عبدالقوی کوپبلک ریلیشن آفیسر کی زائد ذمہ داری تفویض کی ہے۔ اور موصوف نے اپنے عہدہ کا جائزہ بھی حاصل کرلیا ۔ یہ ذمہ داری پہلے سے تفویض کردہ یوتھ ویلفر آفیسر اور انچارج اسپورٹس و گیمس تلنگانہ یونیورسٹی کے علاوہ زائد ہوگی۔ قبل ازیں ڈاکٹر محمد عبدالقوی نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے دی گئی زائد ذمہ داریاں اے پی آر او، چیف وارڈن ، ایڈیشنل کنٹرولر آف اگزامنیشن کو بحسن خوبی انجام دیا۔ مزید اس کے علاوہ اکیڈیمک سطح پر صدر نشین بورڈ آف اسٹڈیز شعبہ اردو پر بھی فائز رہ چکے۔ اوریونیورسٹی کی مختلف کمیٹیوںکے علاوہ اڈوائیزری بورڈو کالج کے گورننگ باڈی ممبر بھی ہیں۔یہاں اس بات کا تذکرہ بیجانہ ہوگا کہ ڈاکٹر محمد عبدالقوی نے تلنگانہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں اہم عہدوں پر اپنی خدمات کو بحسن و خوبی انجام دیتے ہوئے اپنی ایک منفرد شناخت بنائی ہے۔ وہ شہر نظام آباد کے معروف اسپورٹس پرسن و فٹبال کھلاڑی محمد عبدالباری مرحوم محکمہ ٹریژری و اکاؤنٹس کے فرزند ہوتے ہیں۔موصوف گذشتہ کئی سالوں تک شہر حیدرآباد کے موقراخبارات کے علاوہ لندن(انگلینڈ) کے موقراخبار اُردو ٹائمز سے بھی وابستہ رہتے ہوئے اپنی بہترین خدمات انجام دی اور صحافتی میدان میں بھی ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔ ڈاکٹر محمد عبدالقوی کوپبلک ریلیشن آفیسر مقرر کئے جانے پر یونیورسٹی اساتذہ کرام ، طلباء وطالبات کے علاوہ نان ٹیچنگ اسٹاف نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر محمد عبدالقوی نے اس عہدہ پر فائز کرنے پروائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی پروفیسر رویندر گپتا اور رجسٹرا ر پروفیسر پی۔کنکیا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں دی گئی مفوضہ زائد ذمہ داری کو بحسن و خوبی انجام دینے اور یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کو فروغ دینے میں کوئی کسر نہ چھوڑنے کا عزم کیا۔